مرکزي کالم

شیخ مقصود الحسن فيضي

رمضان المبارک

المادة

  ...  

سال کا پہلا مہینہ/حدیث:34
886 زائر
19/11/2013
شیخ ابو کلیم فیضی حفظہ اللہ

بسم اللہ الرحمن الرحیم

حديث نمبر :34

خلاصہء درس : شیخ ابوکلیم فیضی حفظہ اللہ

بتاریخ :28/29/ذو الحجہ 1428 ھ، م 08/07، مارچ 2008م

سال کا پہلا مہینہ

عَنْ أَبِى هُرَيْرَةَ - رضى الله عنه - قَالَ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم « أَفْضَلُ الصِّيَامِ بَعْدَ رَمَضَانَ شَهْرُ اللَّهِ الْمُحَرَّمُ وَأَفْضَلُ الصَّلاَةِ بَعْدَ الْفَرِيضَةِ صَلاَةُ اللَّيْلِ ».

صحيح مسلم:1163 الصيام، سنن ابي داود:2429الصيام وبقية الأربعة.

ترجمہ : حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : رمضان المبارک کے بعد سب سے زیادہ فضیلت والا روزہ اللہ کے مہینے محرم کا روزہ ہے اور فرض نمازوں کے بعد سب سے زیادہ فضیلت والی نمازرات کی نماز [تہجد کی نماز ] ہے ۔

{ صحیح مسلم و سنن ابو داود و غیرہ } ۔

تشریح : اسلامی سال کی ابتدا ماہ محرم سے ہوتی ہے ، محرم کو محرم اس لئے کہا جاتا ہے کہ یہ سال کے ان چار مہینوں میں سے ہے کہ جن کی حرمت و احترام کا خصوصی حکم دیا گیا ہے اور ان میں قتل و قتال کو بہت برا فعل قرار دیا گیا ہے ، اللہ تبارک وتعالی کا ارشاد ہے : إِنَّ عِدَّةَ الشُّهُورِ عِنْدَ اللَّهِ اثْنَا عَشَرَ شَهْرًا فِي كِتَابِ اللَّهِ يَوْمَ خَلَقَ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضَ مِنْهَا أَرْبَعَةٌ حُرُمٌ ذَلِكَ الدِّينُ الْقَيِّمُ فَلَا تَظْلِمُوا فِيهِنَّ أَنْفُسَكُمْ. الآية.(36)التوبۃ۔

" بیشک مہینوں کی گنتی اللہ تعالی کے نزدیک کتاب اللہ میں بارہ کی ہے ، اس دن سے جب آسمان و زمین کو اس نے پیدا کیا ہے ، ان میں چا ر مہینے حرمت وادب کے ہیں، یہی درست ہے تم ان مہینوں پر اپنے اوپر ظلم نہ کرو ۔

ماہ محرم کی اہمیت کے پیش نظر اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے" شہر اللہ" یعنی اللہ کا مہینہ قرار دیا ہے جس سے اس مہینہ کی فضیلت اور اس کا شرف واضح ہوتا ہے ، نیز اسی مہینہ سے اللہ تبارک وتعالی نے اسلامی سال کی ابتدا کی ہے ، اور شاید یہی وجہ ہے کہ مذکورہ حدیث میں اس مہینہ میں کثرت سے نفلی روزہ رکھنے کی ترغیب دی گئی اور دوسرے مہینوں کے مقابلہ میں اس مہینہ میں کثرت سے روزہ رکھنا زیادہ لائق فضیلت ٹھہرایا گیا ہے ، جس کا مقصد شاید یہ ہے کہ چونکہ روزہ ایک اہم عبادت ، قربت الہی کا ذریعہ اور رضائے الہی حاصل کرنے کا ایک پسندیدہ عمل ہے ،اس لئے اس مبارک مہینہ میں اس مبارک عمل کا حکم دیا گیا، چنانچہ ایک بار حضرت ابو امامہ رضی اللہ عنہ نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے سوال کیا کہ اے اللہ کے رسول آپ مجھے کوئی ایسا عمل بتلائیے کہ اسے اپنا کر جنت میں داخل ہوجاوں ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں کثرت سے نفلی روزہ رکھنے کا حکم دیا ، یہی سوال حضرت ابو امامہ رضی اللہ عنہ نے تین بار دہرایا اور ہر بار آپ یہی فرماتے رہے کہ" تم کثرت سے روزہ رکھو کیونکہ روزہ کا مقابلہ کوئی دوسرا عمل نہیں کرسکتا" ۔

{ صحیح الترغیب : 1/580 } ۔

اور اس کی وجہ شاید یہ ہے کہ محرم الحرام سال کا پہلا مہینہ ہے جس میں نیک عمل خصوصا روزہ جیسے محبوب عمل بکثرت کئے جائیں تاکہ مومن کے سال کی ابتدا نیک اعمال سے ہو اور سال کا آخری مہینہ ذی الحجہ ہے اور وہ بھی حرمت والے مہینوں میں سے ایک ہے ، اور اس مہینے میں بھی نیک اعمال کی بڑی اہمیت ہے ،گویا اس طرح ایک مسلمان اپنے نئے سال کی ابتدا بھی اچھے اعمال سے کررہا ہے ، اور سال کی انتہا پر بھی نیک اعمال کا اہتمام کررہا ہے اور کسی چیز کے اول و آخر میں حسن کا پایا جانا اس کے مقبول ہونے کا سبب بنتا ہے، یہی وجہ ہے کہ اللہ تبارک وتعالی نے صبح و شام کو خصوصی طور پر ذکر و تسبیح کا حکم دیا ہے : يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اذْكُرُوا اللَّهَ ذِكْرًا كَثِيرًا (41) وَسَبِّحُوهُ بُكْرَةً وَأَصِيلًا (42)الاحزاب۔

" مسلمانو ! اللہ تعالی کا ذکر بہت زیادہ کرو اور صبح و شام اس کی تسبیح وپاکیزگی بیان کرو " ۔

اور اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے صبح و شام کی نماز یعنی فجر و عصر کے وقت کی بڑی اہمیت دی ہے چنانچہ آپ نے فرمایا : "جو شخص سورج نکلنے سے قبل اور سورج غروب ہونے سے قبل نماز پڑھتا ہے وہ ہرگز جہنم کی آگ میں داخل نہ ہوگا "۔

{ صحیح مسلم بروایت عمارہ بن رویبہ } ۔

فوائد :

۱ - ماہ محرم کی فضیلت کہ اللہ تبارک وتعالی نے اسے اپنا مہینہ ، اسے حرمت والے چار مہینوں میں سے ایک مہینہ قرار دیا اوراسی سے اسلامی سال کی ابتداء کی ۔

۲- حرمت والے چار مہینے یہ ہیں : محرم ، رجب ، ذو القعدہ ، ذو الحجہ ۔

۳- نفلی روزوں میں سب سے فضیلت والا روزہ ماہ محرم کا روزہ ہے ۔

۴- رات کی نماز یعنی تہجد تمام نفلی نمازوں میں سب سے افضل ہے ۔

ختم شدہ

   طباعة 
0 صوت
...
...

...

روابط ذات صلة

  ...  

المادة السابق
المواد المتشابهة المادة التالي
...
...

...

جديد المواد

  ...  

عاشوراء کا روزہ/حديث:35 - موسمی خلاصہ دروس
صحابہ کرام اور ہم/حدیث:32 - موسمی خلاصہ دروس
صحابہ کرام کی فضیلت/حدیث:31 - موسمی خلاصہ دروس
عظمت صحابہ/حدیث:05 - موسمی خلاصہ دروس
نکاح متعہ /حدیث:204 - موسمی خلاصہ دروس
...
...

...

مكتب توعية الجاليات الغاط ?